16 جون 2018 - 15:09
کشمیر اور فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ حقائق کا عکاس

آغا حسن نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا واحد علاج دونوں سیاسی مسائل کے منصفانہ حل میں مضمر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیرکے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیر اور فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس رپورٹ کو دونوں مظلوم قوموں پر جابر قوتوں کے ظلم و بربریت اور زمینی حقائق کا عکاس قرار دیا۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ عالمی ادارے کی اس مفصل اور چشم کشارپورٹ کے تناظر میں عالمی برادری کا فریضہ ہے کہ وہ کشمیر اور فلسطینی قوم کو جبروبربریت کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے اپنی خاموشی توڑے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ آغا حسن نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا واحد علاج دونوں سیاسی مسائل کے منصفانہ حل میں مضمر ہے۔ عالمی برادری بھارت اور اسرائیل کو منصفانہ حل پر آمادہ کرنے کی سعی کرکے دونوں خطوں میں انسانی حقوق کا دائمی تحفظ کو یقینی بنا سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے قوموں کے سیاسی مستقبل کیلئے حق خودارادیت کی تجدید کی سراہنا کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اگر چہ اقوام متحدہ کسی بھی سیاسی تنازعہ سے متعلق اپنی پاس کردہ قراردادوں کو عالمی قوتوں کی تائید و حمایت کے بغیر عملی جامہ نہیں پہنا سکتی تاہم عالمی ادارے کو تسلسل کے ساتھ اپنی قرار دادوں کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔ دریں اثنا آغا حسن نے وادی کے معروف صحافی سید شجاعت بخاری کے قتل کو ایک افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ صحافیوں کا قتل ایک ناقابل تلافی قومی نقصان ہے اور آزادی اظہار پر قدغن سے کوئی بھی قوت اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی۔ انہوں نے صحافی کے لواحقین و پسماندگان سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲